ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پتور:تنہا مردوں کو رجھانے کے بعدگھروں میں گھس کر لوٹنے والی خانہ بدوش خواتین کی گینگ گرفتار

پتور:تنہا مردوں کو رجھانے کے بعدگھروں میں گھس کر لوٹنے والی خانہ بدوش خواتین کی گینگ گرفتار

Thu, 15 Nov 2018 12:54:21    S.O. News Service

پتور15؍نومبر(ایس او نیوز) اپن انگڈی پولیس اسٹیشن کے افسران نے کارروائی کرتے ہوئے 3خانہ بدوش خواتین پر مشتمل ایک ایسی گینگ کو گرفتار کیا ہے جو بھیک مانگنے کے بہانے ان گھروں کو نشانہ بناتی تھی جہاں پر تنہا مرد رہا کرتے تھے۔ پھر گھر کا کام کرنے کی پیش کش کرکے وہ گھر میں داخل ہوتیں اور کسی طرح مردوں کو رجھا نے اور اپنی طرف راغب کرنے کے بعد گھر میں موجود زیورات اور نقدی پر ہاتھ صاف کرلیا کرتی تھی۔

پولیس کے بیان کے مطابق گرفتار کی گئی خواتین کا نام ہاڈاگلی گدگ کی رہنے والی دیومّا(۱۹سال)، ناگمّا عرف (۱۸سال) اور گیتا(۲۴سال) ہے۔ اور یہ سب لوگ خانہ بدوش قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں۔پولیس نے جب اس گینگ کو مشکوک حالت میں اپن انگڈی مندر کے اطراف گھومتے ہوئے پایا اوران کی تلاشی لی توان کے پاس سے ایک موٹی رسی نما سونے کی چین،2چوڑیاں ،4انگوٹھیاں اور2موبائل فون کے علاوہ کچھ کپڑے برآمد ہوئے۔تفتیش کرنے پر انہوں نے بتایا کہ یہ ساری چیزیں انہوں نے منگلورو میں ایک رکشہ ڈرائیور کے گھر سے چوری کی تھی۔بتایا جاتا ہے ان تینوں میں سے دو شادی شدہ خواتین ہیں جبکہ تیسری رکن لڑکی کنواری ہے اور اس نے اس علاقے کے ایک سرکاری اسکول میں تعلیم حاصل کی ہے۔ جس کی وجہ سے یہاں کے لوگوں اور مکانا ت کے بارے میں وہ زیادہ جانکاری رکھتی ہے۔ بقیہ دو ساتھی خواتین اس کی مدد سے اپنا نشانہ طے کرتے ہیں اور پھر تینوں مل کر چوری کی وارداتیں انجام دیتے ہیں۔

لٹیری گینگ کو گرفتار کرنے کی کارروائی میں اپن انگڈی پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر نندا کمار اور دیگر عملے نے حصہ لیا۔


Share: